جاوید اختر کیلئے پارٹی کا انتظام کرنے والے علی ظفر پر تنقید،گلوکار نے وضاحت دے دی

لاہور (شوبز رپورٹر)بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر کی جانب سے بھارتی مصنف،شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کے لیے لاہور میں پارٹی رکھنے پر ان پر پاکستانیوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق جاوید اختر نے لاہور میں ہونے والے فیض فیسٹیول کے دوران پاکستان سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی جس کے بعد سے جاوید اختر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں اور اب شوبز شخصیات کی جانب سے بھی ان کے بیان سے متعلق ناراضی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جاوید اختر کے لیے عشائیہ رکھنے پر علی ظفر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ،جس پر علی ظفر نے اپنے عمل پر وضاحت پیش کردی ہے۔
علی ظفر نے انسٹاگرام پر طویل سٹوری پوسٹ کی اور لکھا میں اپنے تمام مداحوں سے محبت کرتا ہوں اور آپ کی جانب سے ملنے والی تعریف اور تنقید کی قدر کرتا ہوں لیکن میں ہمیشہ ایک درخواست کرتا ہوں کہ کچھ بھی کہنے یا اپنے ذہن میں تاثر بنانے سے قبل معاملے کی مکمل تحقیق کرلیا کریں۔
گلوکار نے لکھا میں فیض میلہ میں شریک نہیں ہوا تھا لہٰذا مجھے علم نہیں کہ اس میں کیا کہا گیا،مجھے اس کا ایک دن بعد پتا چلا جب میں نے سوشل میڈیا دیکھا۔
انہوں نے کہا مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور کوئی بھی پاکستانی اپنے وطن کے خلاف کہے گئے الفاظ نہیں سنے گا، ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان کو دہشتگردی کے حوالے سے کتنا کچھ سہنا کرنا پڑا، اور اب تک کررہے ہیں، اس قسم کے حساس الفاظ سے ہمارے جذبات مجروح ہوئے۔
علی ظفر نے مزید لکھا کہ کچھ فنکار ہیرو بننے کے لیے سوشل میڈیا پر جاوید اختر کے کہے گئے الفاظ کی مذمت کر رہے ہیں اور برا بھلا کہہ رہے ہیں جب کہ وہ ہی مجھے میسج کرکے پارٹی میں مدعو نہ کرنے کی شکایت بھی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں