ممنوعہ فنڈنگ کیس،اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا دے دیا

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی درخواست خارج کر دی۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا گیا،ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر زبانی فیصلہ سنایا،تفصیلی فیصلہ کچھ دیر بعد سنایا جائے گا۔فیصلہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے سنایا۔فیصلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنا درست قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ بھی درست قرار دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کے بیان حلفی کو غلط قراردیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 3 رکنی بینچ نے ’متفقہ‘ فیصلے میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پرممنوعہ فنڈز لینا ثابت ہوگیا ہے۔الیکشن کمیشن نے68 صفحات پر مبنی فیصلے میں قراردیا کہ پی ٹی آئی نے امریکا سے ایل ایل سی فنڈنگ حاصل کی تھی جبکہ عمران خان نےالیکشن کمیشن میں غلط بیان حلفی جمع کرایا،چیئرمین پی ٹی آئی نے 2008 سے 2013 تک غلط ڈیکلیریشن دیے۔پارٹی نے 34 غیرملکیوں اور عارف نقوی سے فنڈز لیے ہیں۔پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے 11 جنوری کو دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں