چوہدری شجاعت نے”باغی رہنماوں“کو بڑا جھٹکا دینے کی تیاری پکڑ لی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے”باغی عہدیداروں“کے خلاف بڑی کارروائی کا گرین سگنل دے دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی پالیسیوں سے انحراف کرنے پر پرویز الٰہی کو پنجاب میں مسلم لیگ ق کی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،مونس الٰہی اور کامل علی آغا کو بھی عہدوں سے ہٹایا جائے گا۔چوہدری پرویز الٰہی کو نہ صرف پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹایا جائے گا بلکہ ان سے مسلم لیگ ہاوس لاہور کی ملکیت بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والوں کو پہلے ہی شوکاز نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں،اب آئینی اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد انہیں پارٹی سے فارغ کیا جائے گا۔پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ق لیگ کے دیرینہ اور مخلص رہنماوں کو نئے عہدے دیے جائیں گے،اس حوالے سے پنجاب کی صدارت کیلئے چوہدری شافع حسین سمیت 2 رہنماوں کے نام زیر غور ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب کی نئی قیادت مسلم لیگ ہاوس ڈیوس روڈ کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت حسین کی درخواست منظور کرتے ہوئے پرویز الٰہی گروپ کی زیرصدارت ق لیگ انٹرا پارٹی انتخابات غیر قانونی قرار دیے تھے اور چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ ق کا سربراہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں