پاک سوزوکی نے تمام موٹر سائیکلوں کی بکنگ بند کردی


کراچی(کامرس رپورٹر)پاک سوزوکی نے اپنی تمام موٹر سائیکلوں کی بکنگ 20 جنوری سے بند کرنے کا اعلان کردیا،پاک سوزوکی نے تمام ڈیلرز کو آگاہ کردیا ہے کہ نئی موٹر سائیکلوں کی بکنگ فوری طور پر 20 جنوری سے بند کی جارہی ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق پاک سوزوکی کمپنی کی جانب سے جاری لیٹر میں کہا گیا ہے کہ درآمدات نہ ہونے کے سبب موٹر سائیکلوں کیلئے سی کے ڈی اور دیگر خام مال کی سپلائی چین متاثر ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے کمپنی کیلئے کسٹمرز کے آرڈرز پورے کرنا ممکن نہیں ہے، صورتحال جوں ہی معمول پر آئے گی بکنگ کا دوبارہ آغاز کردیا جائے گا۔
دوسری طرف آل پاکستان موٹر سائیکل ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صابر شیخ کے مطابق درآمدات بندرگاہ پر رکنے کی وجہ سے صورتحال خراب ہورہی ہے، دوسری جانب ڈالر کی عدم دستیابی اور قدر کے حوالے سے بھی صورتحال غیر یقینی ہے، جس کی وجہ سے پاک سوزوکی نے موٹر سائیکلوں کی بکنگ بند کردی ہے، سٹیٹ بینک نے آئندہ ہفتے فنڈز کے اجراءکا امکان ظاہر کیا ہے، اس کے بعد صورتحال میں بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی نے اپنی فور وہیلر گاڑیوں کی بکنگ بھی 2 جنوری سے 20 جنوری تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم خدشہ ہے کہ 20 جنوری کے بعد بھی گاڑیوں کی پروڈکشن بحال نہیں ہوسکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں