ویمنز ٹی 20 ؛ پاکستان عالمی ایونٹس کی میزبانی نہ پاسکا

برمنگھم(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمنزکرکٹ کے عالمی ایونٹس کی میزبانی نہ پاسکا جب کہ 2024سے2026 تک بنگلہ دیش، بھارت، انگلینڈ اور سری لنکا میں میدان سجے گا۔برمنگھم میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے سامنے آئے، ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2024بنگلہ دیش میں ہوگا، 2025 کے میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت کے سپرد کردی گئی ہے۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026کا انعقاد انگلینڈ میں ہوگا،پہلی ویمنز ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز ٹرافی سری لنکن ٹیم کے کوالیفائی کرنے پر 2026 میں سری لنکا ورنہ کسی اور ملک میں ہوگی، حیران کن طور پر پاکستان کسی ایونٹ کی میزبانی نہ پا سکا۔موجودہ فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی لارڈز کے تاریخی میدان کو سونپ دی گئی، 2025 میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا میزبان بھی لارڈز ہوگا، آئی سی سی بورڈ نے 2023سے 2027کے مینز اور ویمنز فیوچر ٹور پروگرام کی منظوری دیدی،شیڈول آئندہ چند روز میں جاری ہوگا۔آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی میں ڈینئیل ویٹوری اور وینکٹ لکشمن کو شامل کرلیا گیا، راجر ہار پر اور مہیلا جے وردنے سابق کرکٹرز کی نمائندگی کیلیے موجود ہونگے،آئی سی سی چیئرمین کے الیکشن رواں سال نومبر میں ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں