راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود ڈومیسٹک میچ کے دوران زخمی ہو گئے۔
”پاکستان ٹائم ” کے مطابق راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس اور ملتان کے درمیان پاکستان کپ 2023-24 کے دوسرے سیمی فائنل کے دوران شان مسعود اور سرفراز احمد کے درمیان ٹکر نے کھیل میں خلل ڈالا اور پاکستان کے نئے مقرر کردہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان زخمی ہوگئے۔جب کراچی وائٹس ملتان کے خلاف 281 رنز کے ہدف کا دفاع کر رہی تھی تب 8.2 اوورز میں صہیب مقصود نے اونچا شاٹ کھیلا۔شان مسعود اور سرفراز دونوں کیچ لینے کے لیے دوڑ پڑے جس کے نتیجے میں شدید ٹکر ہوئی۔سرفراز تو واپس اپنے پاں پر کھڑا ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم شان مسعود اپنے ٹخنے میں درد کی وجہ سے کافی تکلیف میں دکھائی دیے۔ شان مسعود اپنی چوٹ کی شدت کے بارے میں سب کو فکر مند چھوڑ کر میدان سے باہر چلے گئے۔