احمد آباد(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 42 ویں میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا ہے۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق دونوں ٹیمیں بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہیں جہاں افغانستان کی قیادت حشمت اللہ شاہدی کررہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کو ٹیمبا باووما لیڈ کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میگا ایونٹ میں پہلے کی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے تاہم افغانستان کو ٹاپ فور میں جگہ بنانے کیلئے آج کا میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں نے اب تک 8، 8 میچز کھیلے ہیں، جنوبی افریقہ نے 6 میں کامیابی حاصل کی اور صرف 2 میں ناکام رہی اور پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔اسی طرح افغانستان نے بھی اپنے 8 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے 4 اپنے نام کیے اور 4 میں ہی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، ٹیم کے ٹوٹل 8 پوائنٹس ہیں۔