وسیم اکرم نے زندگی کی 56 بہاریں دیکھ لیں

کراچی (سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل کی فیورٹ ٹیم کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم 56برس کے ہوگئے۔

لیجنڈ بولر وسیم اکرم 3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے تعلیم مکمل کی، وہ بائیں ہاتھ سے باولنگ کرنیو الے دنیا کے بہترین باولر مانے جاتے ہیں۔

کرکٹ میں اچانک انٹری دینے والے وسیم اکرم کا کیریئر کا آغاز دبنگ رہا، 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹس حاصل کیں، انہوں نے کل 356 ون ڈے کھیلےجس میں انہو ں نے 502 شکار کئے۔وسیم اکرم ون ڈے کرکٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے کھلاڑی ہیں ۔وہ ورلڈکپ 2003 میں وکٹوں کی پانچویں سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بنے، 1992 کے ورلڈکپ فائنل میں وسیم اکرم ہی کی باولنگ کی بدولت پاکستان نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

ورلڈکپ 2003 میں 4 مارچ کو بارش کی نذر ہونے والے میچ کے بعد کرکٹ کی دنیا میں 19برس تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد وہ ریٹائرڈ ہو گئے تھے ۔وسیم اکرم اب پی ایس ایل کی سب سے فیورٹ ٹیم کراچی کنگز سے بطور صدر وابستہ ہیں اور ٹیم کے لیے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں، اس کے علاوہ وہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔

وسیم اکرم کی سالگرہ کے موقع پر آئی سی سی کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی فاسٹ باولر کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں