لانڈرہل ، فلوریڈا (سپورٹس ڈیسک) فلوریڈا کے شہر لاوڈرہل میں یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ کے افتتاحی میچ میں نیو یارک واریئرز نے مورس ویل یونٹی کو 6 رنز سے شکست دیدی۔نیو یارک واریئرز نے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے اور مورس ویل یونٹی 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ میں کون سی چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی؟اے بی ڈویلیئرز نے حیران کن دعویٰ کر دیا
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مورس ویل یونٹی آغاز سے ہی اپنی بیٹنگ اننگز کو آگے نہیں بڑھا سکی کیونکہ پارتھیو پٹیل کو تیسرے اوور میں دھمیکا پرساد نے 3 رنز پر آوٹ کردیا۔ کرس گیل اور کوری اینڈرسن بھی تیزی سے آوٹ ہوئے جس کی وجہ سے مورس ویل یونٹی 5 اوورز میں 33 بناکر مشکل میں تھی کیونکہ اس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔اس کے بعد اوبس پینار نے 12 گیندوں پر 35 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شی ہان جے سوریا نے 10 گیندوں پر 28 رنز ناٹ آوٹ بنائے۔اس سے قبل مورس ویل یونٹی نے ٹاس جیت کر نیو یارک واریئرز کو بیٹنگ کا موقع دیا۔تلکارتنے دلشان نے دوسرے اوور میں کیلون سیویج کو لگاتار چوکے لگا کر واریئرز کی جانب سے شاندار آغاز کیا تاہم،وہ اگلے ہی اوور میں اوبس پینار کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔رچرڈ لیوی نے چوتھے اوور میں راہل شرما کی بولنگ پر دو چوکے اور دو چھکے لگا کر واریئرز کی ٹیم میں یہ رفتار برقرار رکھی۔اس کے بعد لیوی نے سری سانتھ کو لگاتار تین چھکے لگائے اور واریئرز کا سکور پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 73 رنز تک پہنچا دیا۔انہوں نے گیند کو مزید دو بار باونڈری پر بھیجا اور نویں اوور میں 25 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کیلون سیویج کے ہاتھوں آوٹ ہو گئے۔کوری اینڈرسن نے آخری اوور میں صرف 8 رنز دیے جس کی بدولت نیو یارک واریئرز نے مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔