لاہور (شوبز ڈیسک)ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ والدہ مسیحی تھیں،انہوں نے محبت اور شادی کے لیے اسلام قبول کیا،ماموں،خالائیں،نانی اور ننیال کے باقی افراد تا حال مسیحی ہیں۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق آمنہ الیاس نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم چار بہنیں تھیں جس میں سے سب سے بڑی بہن 20 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو گئی تھی،جب میں محض 4 سال کی تھی تو والد کا انتقال ہو گیا۔آمنہ الیاس نے بتایا کہ ان کے والد کا اصل تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے تھا وہ ہربل ادویات کا کاروبار کرتے تھے جبکہ ان کی والدہ نرس تھیں اور دونوں کی ملاقات سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور دونوں نے شادی کی،میری والدہ مسیحی تھی اور میری والدہ نے شادی کی خاطر اسلام قبول کیا،میرے والد کے انتقال کے بعد ان کے رشتے داروں نے میری والدہ سے تعلقات ختم کر دیے۔آمنہ الیاس نے کہا کہ میری والدہ نے سخت مشکلات اور مصیبتیں دیکھیں،ایک ایسی خاتون جو غیر مسلم تھی اور اس کے تمام رشتے دار بھی جو غیر مسلم تھے وہ اس خاتون سے مذہب چھوڑنے کی وجہ سے ناراض تھے،دوسری جانب جن کے لیے مسلمان بنیں ان کے انتقال کے بعد اس کے خاندان کے افراد انہیں قبول کرنے کو تیار نہیں تھے،میری ماں نے بطور نرس اپنا کیریئر جاری رکھا اور تمام بچوں کی پرورش کرنے سمیت انہیں اعلیٰ تعلیم دلوائی اور تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
