لاہور (شوبز ڈیسک )حال ہی میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کے الشفا ہسپتال میں قبل از وقت پیدا ہونے والے درجنوں نوزائیدہ بچوں کی موت پر اداکارہ ارمینہ خان آبدیدہ ہوگئیں۔ اداکارہ ارمینہ خان نوزائیدہ بچوں کی موت کی خبر دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت دیکھ کر وہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے روزانہ رو رہی ہیں،انہوں نے مزید لکھا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے بارے سن کر مجھے بہت دکھ ہوا ہے، ایسا لگتا ہے کہ میری دنیا اچانک پلٹ گئی ہے اور میں کوئی برا خوب دیکھ رہی ہوں، میں ہر دن کسی کی مدد کرنے یا اچھا کام کرنے کی کوشش کرتی ہوں لیکن میری انسانیت سے امید ختم ہونا شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ یہ سوچ کر بھی دل دہل جاتا ہے کہ ان روتے ہوئے بچوں کو تسلی دینے والا یا پیار کرنے والا کوئی نہیں ہے، ایک انسان ہونے کے ناطے یہ سب دیکھ کر میں اندر سے ٹوٹ چکی ہوں، جب انہیں فلسطینی بچوں کے بارے میں خبر ملی تو وہ جذباتی طور پر ٹوٹ گئی تھیں۔