ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر سے تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان سامنے آگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مداح نے کہا کہ میں اپنے گھر میں موجود تھا جب مجھے پتا چلا کہ باہر فلم کی شوٹنگ ہورہی ہے۔نوجوان لڑکے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ میں شوٹنگ دیکھنے کے لیے باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ سامنے نانا پاٹیکر ہیں، میں سیلفی کے لیے ان کے پاس گیا لیکن انہوں نے میرے ساتھ سیلفی لینے کے بجائے مجھے تھپڑ مار کر وہاں سے بھگا دیا۔لڑکے نے نانا پاٹیکر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کا مجھے تھپڑ مارنا ان کی فلم کا حصہ نہیں تھا، نانا پاٹیکر جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے مجھے جان بوجھ کر تھپڑ مارا۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم دی ویکسین وار کے بعد نانا پاٹیکر اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی شوٹنگ کے دوران مداح کو تھپڑ مارنے کا واقعہ پیش آیا۔