رباب ہاشم نے شادیاں ٹوٹنے کی ممکنہ وجہ بتادی

رباب ہاشم نے شادیاں ٹوٹنے کی ممکنہ وجہ بتادی

کراچی (شوبز ڈیسک )میزبان و اداکارہ رباب ہاشم کا کہنا ہے کہ شادیاں طلاق پر ختم کرنے کے عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جانی چاہیے لیکن بعض حالات میں طلاق لینا غلط بات نہیں ہوتی، عدم برداشت کی وجہ سے شادیاں ٹوٹ رہی ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں رباب ہاشم کاکہناتھاکہ  وہ انتہائی سخت قسم کی فیمنسٹ ہیں اور وہ میرا جسم میری مرضی کے نعرے سے بھی اتفاق کرتی ہیں، میرا جسم، میری مرضی نعرہ بالکل درست ہے، بعض لوگ اپنے مطلب کے لیے اس کا مفہوم تبدیل کر دیتے ہیں۔ شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کورونا کے دور میں سادگی سے شادی کی اور ان کی شادی بظاہر ارینج میریج تھی لیکن درحقیقت انہوں نے پسند کی شادی کی۔ معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاقوں پر بات کرتے ہوئے رباب ہاشم نے کہا کہ شادیاں ٹوٹنے کی بہت ساری وجوہات ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بزرگ افراد بچوں کو کہتے تھے کہ اب ان کی شادی ہوگئی، وہ جانیں اور ان کا کام جانیں، اب وہ واپس والدین کی طرف نہ دیکھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔ ان کے مطابق اب نیا زمانہ ہے، نئی سوچ ہے، اب کوئی برداشت نہیں کرتا اور ہر کسی میں عدم برداشت کم ہوچکی ہے، جب جوڑوں کو لگتا ہے کہ معاملات نہیں چل رہے تو وہ الگ ہوجاتے ہیں، جن جوڑوں کی شادی نہیں چل رہی ہے، انہیں خراب تعلقات میں رہنے کے بجائے طلاق کا انتخاب کرلینا چاہیے، کیوں کہ خراب تعلقات سے نہ صرف ان کی بلکہ ان کے بچوں سمیت دیگر اہل خانہ کی زندگی بھی متاثر ہوجاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں