ممبئی (شوبز ڈیسک )بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی جانب سے اسرائیل کی کھلے عام حمایت پر بھارتی مداح اداکارہ پر برس پڑے اور انہیں اپنی آنکھیں کھولنے کا مشورہ دے دیا۔اسرائیل کے غزہ پر بیک وقت فضا اور زمین سے حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی شہادتیں ہوئی ہیں جن میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
القدس نیوز کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جمعہ کی رات غزہ پر وحشیانہ بمباری کی ہے جس کے باعث غزہ میں کمیونیکیشن کا نظام مکمل تباہ ہوگیا۔ فلسطینی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں آخری انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے جس کے باعث مواصلات کا نظام مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے تاہم اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری کو بھی خاطر میں نہ لاتے ہوئے کنگنا نے اسرائیل کی حمایت کی ہے۔
25 اکتوبر کو اسرائیل کے آفیشل ایکس اکانٹ سے کنگنا رناوت کی بھارت میں اسرائیل کے سفیر نور گلون سے ملاقات کی تصویر شئیر کی گئی تھی جس میں کنگنا کا اسرائیل کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا تھا۔ پھر خود اداکارہ نے بھی تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا بھارت میں اسرائیل کے سفیر شری نور گیلون کے ساتھ ملاقات ہوئی،ہم بحیثیت ہندو قوم اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ لوگ جس مقصد کے لیے لڑ رہے ہیں وہ جائز ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام کیپشن میں لکھا کہ آج پوری دنیا خاص طور پر اسرائیل اور بھارت دہشتگردی کے خلاف اپنی جنگ لڑ رہے ہیں، گزشتہ روز جب میں دہلی پہنچی تو اسرائیل کے سفارت خانے گئی اور وہاں کے لوگوں سے ملاقات کی جو حماس جیسے دہشتگردوں کو شکست دے رہے ہیں۔ اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ جس طرح سے چھوٹے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ دل دہلا دینے والے مناظر ہیں، مجھے پوری امید ہے کہ اسرائیل دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ جیت جائے گا، میں نے ان سے اپنی آنے والی فلم کے بارے میں بھی بات کی۔ اداکارہ کے اس اقدام پر بھارتی صارف نے تبصرہ کیا کہ یہ بھارت کی نمائندہ نہیں ہیں، یہ ایک ناکام اداکارہ ہے اور ہمیشہ رہے گی اور بھارت صرف ہندوں کا ملک نہیں ہے۔