کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ نوال سعید اور معروف اداکار نور حسن کے درمیان ایک دوسرے میں دلچسپی کی خبریں زوروں پر ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گزشتہ چند ہفتوں سے اداکار نور حسن اور اداکارہ نوال سعید ایک دوسرے کے لئے محبت کا اظہار کرنے لگے ہیں۔ کبھی اداکار نور حسن نوال سعید کی انسٹاپوسٹس پر ان کے حسن کی تعریفوں کے پل باندھتے نظر آتے ہیں تو کبھی اداکارہ اپنی محبت کا اظہار واضح الفاظ میں کرتی نظر آتی ہیں اور تو اور نور حسن بھی ان کی محبت کا جواب محبت سے دیتے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پوسٹس پر ان دونوں کی جانب سے ایک دوسرے کے لئے محبت کے برملا اظہار کے بعد ان کی ایک دوسرے میں دلچسپی سے متعلق چہ مگوئیاں بھی ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب ہو رہی ہیں۔ تاہم ان دونوں میں سے کسی نے بھی ایک دوسرے کے ساتھ رشتے میں منسلک ہونے کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
