شعیب اختر نے فلم”راولپنڈی ایکسپریس“سے علیحدگی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم’راولپنڈی ایکسپریس‘سے متعلق حیران کن اعلان کردیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ میں آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ سوچ و بچار کے بعد میں نے اپنی انتظامی اور قانونی ٹیم کی مدد سے خود کو فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ اور اس کے فلم سازوں سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،بلاشبہ یہ ایک ڈریم جیکٹ تھا اور میں نے اس کے ساتھ جڑے رہنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں،خوشگوار ماحول میں اختلافات کے حل میں ناکامی اور معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا نتیجہ ہمارا ان کے ساتھ رابطے کے اختتام کی صورت میں سامنے آیا،لہٰذا میں نے اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم کے حقوق کو ختم کرنے کے لئے تمام قانونی طریقوں کی تعمیل کرتے ہوئے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اخترکا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر فلم میکرز اس بائیو گرافی پر کام جاری رکھتے ہیں اور کسی بھی طرح میرا نام یا میری کہانی کو فلم میں استعمال کرتے ہیں تو ان کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں شعیب اختر نے اپنی زندگی پر فلم’راولپنڈی ایکسپریس‘بنائے جانے کی تصدیق کی تھی لیکن یہ نہیں بتایا تھا کہ فلم میں ان کا کردار کون نبھائے گا تاہم گزشتہ برس نومبر میں پاکستانی گلوکار اور اداکار عمیر جسوال نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ فلم روالپنڈی ایکسپریس میں لیجنڈری فاسٹ باولر کا کردار ادا کریں گے۔عمیرجسوال نے کردار کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ آپ سب کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں