گوجرانوالہ(وقائع نگار)مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم نہ تو بکے اور نہ ہی جھکے ہیں بلکہ ہم ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب مسلم لیگ ن اور نواز شریف پر مشکل وقت آیا تو آپ نے ساتھ دیا۔ ہمارے کاروبار تباہ کیے اور ہم پر بے پناہ پرچے کیے گئے۔ جب مسلم لیگ ن پر مشکلیں آئیں تو ہم روئے نہیں کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو بکے اور نہ جھکے ہیں بلکہ ہم ڈٹ کر کھڑے رہے اور اگر پاکستان سے نواز شریف کے کام نکال دیں تو ملک میں پیچھے کھنڈر بچتا ہے۔ گوادر سے حنجراب تک موٹروے اور بندر گاہیں نکال دیں تو کھنڈر بچتا ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں پر حملے کیے گئے تب بھی ہم نہیں جھکے اور پاکستان کو بچانے کی تحریک شروع ہوتی ہے تو گوجرانوالہ سے ہوتی ہے۔ اب پاکستان کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں کیوں کہ نواز شریف آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2018 کا انتخاب چوری کیا گیا تھا لیکن نواز شریف کی واپسی پاکستان میں خوشحالی اور روزگار کی واپسی ہے۔ جو پاکستان کو جلانے والے تھے وہ خود اپنے انجام کو پہنچے ہیں۔