خواتین صحافیوں کا بلوچستان اور سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ،الخدمت فاونڈیشن نے دل جیت لئے

لاہور(خاتون رپورٹر)پاکستان کی سب سے بڑی غیر سرکاری تنظیم’الخدمت فاونڈیشن ‘ملک میں آنے والے حالیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے دن رات کوشاں ہے،الخدمت فاونڈیشن کی خدمات کو نہ صٓرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سراہا گیا ہے،حالیہ دنوں میں الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ کی جانب سے مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین صحافیوں کو سکھر(سندھ)،جعفر آباد،نصیر آباد(بلوچستان) کا دورہ کروایا گیا،خواتین صحافی الخدمت فاونڈیشن
کی جانب سے اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کی بلا رنگ و نسل اور مذہب خدمات دیکھ کر دنگ رہ گئیں،خواتین صحافیوں نے الخدمت فاونڈیشن کے بے مثال کام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ الخدمت فاونڈیشن سیلاب متاثرین کی جس انداز میں بحالی کے لئے کوشاں ہے،حکومت اور دیگر اداروں کو ان سے سیکھنا چاہئے،الخدمت فاونڈیشن نے ساری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق الخدمت فاونڈیشن ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری سمیعہ سلمان،اسسٹنٹ سیکریٹری فوزیہ عثمان،سدرہ رمضان اور دیگر ٹیم ممبرز کے ساتھ خواتین صحافیوں نے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔اس دورے کا مقصد ان علاقوں میں ہونے والی سرگرمیوں سے آگاہی،الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے لگائے گئے کیمپس اور موجودہ ضروریات سے عوام کو آگاہ کرنا تھا۔عوامی خدمات کے جذبے سے سرشار خواتین صحافیوں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور موجودہ حالات کو کیمرہ کی آنکھ میں بند کیا تاکہ حکومتی امداد کے منتظر ان بے بس اور لاچار لوگوں کی آواز ایوانوں تک پہنچائی جاسکے،خواتین صحافیوں نے بھرپور پلیٹ فارم مہیا کئے جانے پر الخدمت فاونڈیشن وومن ونگ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔بلوچستان اور سندھ کا دورہ کرنے والی خواتین صحافیوں میں آمنہ عثمان،کرن رباب خان،زوفشاں نقوی،عائشہ چغتائی،شبانہ برنی،عالیہ خان،رابعہ علی،شگفتہ،فوزیہ غنی،نسرین بٹ،سمنہ کمال،شیزہ نقوی،فاطمہ شیروانی اور ثمرین شامل تھیں۔


خواتین صحافیوں کے وفد نے سکھر میں حاملہ خواتین کے لئے قائم کئے جانے والے ’الخدمت فیلڈ ہسپتال‘کا دورہ کیا،وفد نے الخدمت کی خیمہ بستیوں کا وزٹ کروایا گیا جہاں متاثرہ خواتین سے الخدمت فاونڈیشن کی جانب سے کی جانے والی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفد کی انتظامیہ نے خواتین صحافیوں کو الخدمت موبائل ہیلتھ یونٹ دکھائے گئے۔خواتین صحافیوں کے وفد نے مدر اور چائلڈ پروٹیکشن ہسپتال کا بھی دورہ اورمریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری سمیعہ سلمان نے آئندہ کے منصوبوں پرخواتین صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے عوام سے پرزور اپیل کی کہ ابھی سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے رہنے کی ضرورت ہے،سیلاب متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ایک صبر آزما اور طویل مرحلہ باقی ہے ،جس کے لئے پاکستانی عوام کو قدم بقدم ساتھ رہنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں