ایل جی ایچ کی چارج نرس مسرت جبین سرطان سے لڑتے جان کی بازی ہار گئیں،پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا اظہار افسوس

لاہور(ہیلتھ رپورٹر )لاہور جنرل ہسپتال کی چارج نرس مسرت جبین چھاتی کے کینسر میں مبتلا رہ کر انتقال کر گئیں۔ پرنسپل ایل جی ایچ، پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے مسرت جبین کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ نے اپنے فرائض کی ادائیگی میں جان قربان کردی۔انکا کہنا تھا کہ دوسروں کی جان بچانے کی جد و جہد کرنے والی خود بریسٹ کینسر جیسے موزی مرض کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئی۔پرنسپل نے مسرت جبین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ خواتین میں چھاتی کا کینسر ایک وباء کی طرح پھیل رہا جسکی روک تھام اور کنٹرول کیلئے تمام ہیلتھ پروفیشنلز اور اسٹیک ہولڈرز کو مربوط اور موثر کوششیں کرنا ہوں گی اور معاشرہ خصوصا خواتین میں بریسٹ کینسر بارے زیادہ سے زیادہ آگاہی و شعور اجاگر کرنا ہوگا تاکہ خواتین اپنا طبی معائنہ باقائدگی سے کراتی رہیں اور اگر کسی میں بیماری کی علامات پائی جائیں تو ابتداء ہی میں بیماری کا سد باب کی جا سکے۔ انکا کہنا تھا کہ بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے اگر تشخیص ابتداء میں کرلی جائے۔
دریں اثنا ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال مس شازیہ کوثر نے بھی چارج نرس مسرت جبین کے انتقال پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں