لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ جونیئر ماڈل ہائی سکول ماڈل ٹاؤن کا 2 گھنٹے تفصیلی دورہ کیا اور سکول کی حالت زار پر برس پڑے، وزیراعلیٰ نے فوری طور پر صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سکولز ایجوکیشن کو سکول بلایا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی ہر کلاس روم میں گئے،بچوں سے ملاقات کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ بچوں نے پینے کے صاف پانی،واش رومز میں پانی نہ آنے،ٹوٹے فرنیچر اورخراب وائٹ بورڈز کے بارے میں شکایات کیں۔ بچوں نے کلاس رومز میں کم لائٹس، پنکھے نہ چلنے اور کھیلوں کی سرگرمیاں نہ ہونے اور تدریسی کتب مارکیٹ سے خریدنے کی بھی شکایات کیں۔ بچوں نے بتایا کہ سکول اور کلاس رومز کی ہم خود صفائی کرتے ہیں جس کا وزیراعلیٰ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پنجاب بھر میں بچوں سے سکولوں میں صفائی کرانے پر پابندی عائدکردی، اس سلسلے میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کوفوری طورپر نوٹیفکیشن جاری کرنے اور سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ جس سکول میں بچوں سے صفائی کی شکایت سامنے آئی تو متعلقہ پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر کے خلاف کارروائی ہو گی۔