رحیم یارخان(کرائم رپورٹر)کباڑ میں خرید کئے گئے سلنڈر کے پھٹنے سے کباڑیہ‘اپنی بیوی اور بیٹے سمیت جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے سسر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ پاکستان ٹائم کے مطابق الیاس کالونی کے کباڑیہ محمد شیراز نے مبینہ طورپر کباڑمیں سلنڈرخرید ا جسے گھرلاکر توڑنے کی کوشش کررہاتھاکہ وہ دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر27سالہ شیراز ، اس کی24سالہ بیوی عقیلہ‘دوسالہ بیٹا موسیٰ اور 50سالہ سسر علی بخش شدید زخمی ہوگئے‘زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیاگیا لیکن تین دم توڑ گئے ۔زخمی علی بخش کی حالت بھی تشویشناک بیان کی جارہی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی وجہ سے کمرے کی چھت زمین بوس ہوگئی اوردیواروں کو بھی شدید نقصان پہنچا‘ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے‘ ذرائع نے بتایا کہ عقلیہ اپنے شوہر شیراز اوربیٹے موسی سمیت اپنے والد علی بخش کے گھر رہائش پذیر تھی۔