مظفرآباد(نیوز رپورٹر) حکومت آزاد کشمیر کے زیراہتمام محکمہ ترقی نسواں کے زیر انتظام چلنے والی پنک بس سروس کو سفری سہولیات کے ساتھ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا، دارالحکومت مظفر آباد میں خواتین کے لئے پنک بس سروس میں ایس سی او کے تعاون سے فری انٹرنیٹ سروس کی سہولت فراہم کردی گئی،جس سے بس میں سفر کرنے والے خواتین کو انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہو گی۔

اس سلسلے میں ایس سی او کے میجر فرحان سلیم نے انٹرنیٹ ڈیوائس ڈائریکٹر ترقی نسواں آزاد جموں و کشمیر اکرام الحق کے حوالے کی،اس موقع پر میجر فرحان سلیم کا کہنا تھا کہ ایس سی او آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دشوار علاقوں میں موبائل،انٹر نیٹ کی جدید سہولیات عوام کو فراہم کر رہا ہے اور عوام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ایس سی او دن رات مصروف عمل ہے،جس سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام بھرپور استفادہ کر رہے ہیں جو ادارہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے،

اس موقع پر ڈائریکٹر ترقی نسواں اکرام الحق نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار اد اکر رہی ہے ، جس میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے دارالحکومت میں خواتین کو سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے انٹرنیٹ کی جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنا ایس سی او کا اہم کارنامہ ہے،جس پر سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل محمد رشید خان سمیت جملہ ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے وقت کے ساتھ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پنک بس سروس میں انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جس سے بس میں سفر کرنے والے خواتین انٹر نیٹ کا استعمال کر سکیں گے،اس موقع پر ڈویژنل سیلز منیجر ایس سی او سجاد مغل ،منیجنگ مارکٹنگ احمد سجاد مغل سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں