سستا آٹا لینے کے لئے لائن میں لگنے والا شخص بھیڑ میں دب کر جاں بحق

میرپورخاص(وقائع نگار)ملک بھر میں آٹے کا بدترین بحران جاری ہے جبکہ دوکاندار کھلے عام مہنگے داموں آٹا فروخت کر رہے ہیں،صوبائی حکومتیں سستے داموں آٹا فروخت کرنے کا دعویٰ تو کر رہی ہیں تاہم کسی بھی جگہ عوام کو سستے داموں آٹا با آسانی دستیاب نہیں ہے،ایسے میں انتہائی افسوس ناک خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق میرپورخاص میں سستا آٹا لینے کیلئے آنے والا 9 بچوں کا باپ بھیڑ میں دب کر جاں بحق ہو گیا،ورثاء نے لاش پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج شروع کردیا۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق مہنگائی سے تنگ شہری ہزاروں کی تعداد میں سستے آٹے کی خریداری کے لیے جمع ہوئے تھے،مالہی کالونی کا 40 سالہ مزدور ہرسنگھ کولہی گلستان بلدیہ میں ضلع انتظامیہ کہ جانب سے قائم سٹال پر آٹا لینے کیلئے پہنچا جہاں پر رش کے باعث ہلڑ بازی اور دھکم پیل کی وجہ سے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا،واقعے کے خلاف ورثا نے میرپور خاص حیدر آباد روڈ پر لاش رکھ کر احتجاج کیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا،مظاہرین اور ورثاء نے محکمہ خوراک اور ملز مالکان پر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تاہم بعدازاں ڈی سی کی یقین دہانی پر ورثا نے احتجاجی دھرنا ختم کردیا۔شہری کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے
واضح ہے کہ پاکستان میں اس وقت آٹے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور جنوری کے 5 دنوں میں آٹے اور گندم کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایک کلو آٹا 160 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے جس نے شہریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔سستے آٹے کے حصول کیلئے عوام سڑکوں پر دربدر ہو رہے ہیں،سندھ حکومت کی جانب سے سستا آٹا سٹال لگائے جارہے ہیں لیکن جب کسی مقام پر سستا آٹا فروخت کیا جاتا ہے تو عوام ٹوٹ پڑتے ہیں اور ایک دوسرے سے ہاتھا پائی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔دوسری طرف محکمہ خوراک پنجاب نے لاہور میں آٹے کی قلت کو ختم کرنے کے لئے 4 ہزار 9سو میٹرک ٹن سے بڑھا 5 ہزار 4 سو میٹرک ٹن گندم کوٹہ کر دیا گیا،شہر لاہور میں دس کلو آٹے کا تھیلا 664 روپے کی بجائے 8 سو روپے تک فروخت ہونے لگا۔
شہر لاہور میں آٹے کے دس کلو تھیلے 3 لاکھ 41 ہزار سے بڑھا کر 3لاکھ 71 ہزار کر دیئے گئے۔محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق آٹا ٹرک پوائینٹس کی تعداد 101 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی، دس کلو اٹے کے تھیلے کی فروخت پر شناختی کارڈ کاپی شرط لازمی قرار دے دی گئی، 20کلو آٹے کی ترسیل تاحال بند ہے۔15 کلو آٹے کی تھیلے کی فروخت 13 سو 50 روپے کے بجائے 2 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے،شہر کے متعدد سٹورز پر تاحال آٹا نایاب ہے، 17سو رجسٹرڈ سٹورز میں سے سینکڑوں پر آٹے کی سپلائی معطل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں