ٹرمپ نے جو بائیڈن کو امریکہ کا دشمن قرار دے دیا

پنسلوانیہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ریاست کا دشمن قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایف بی آئی نے 8 اگست کو فلوریڈا میں ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ مارا تھا، اس حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر الزام عائد کیا کہ اختیارات کے غلط استعمال کی ایسی مثال امریکا کی تاریخ میں نہیں ملتی، اس سے ایسا ردِ عمل سامنے آئے گا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا، بائیڈن نے بطور امریکی صدر اب تک کی سب سے شیطانی اور نفرت انگیز تقریر کی،بائیڈن ریاست کے دشمن ہیں، آپ یہ جاننا چاہتے ہیں، ہم اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے چھاپے میں تیسری دنیا کے ہتھکنڈے استعمال کیے، چھاپے سے ایک دن پہلے ایک انتہائی سیاسی مجسٹریٹ کو مقرر کیا گیا، میرے حقوق اور شہری آزادیوں کو اس طرح پامال کیا گیا جیسے ہمارا ملک تیسری دنیا ہے، ایسے چھاپہ مارا گیا جیسے ہم تیسری دنیا کی قوم کی طرح ہیں، میری اہلیہ کے کپڑوں کی الماریوں کی تلاشی لی گئی، میرے 16 سال کے بیٹے کے کمرے کی تلاشی بھی لی گئی۔
سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایف بی آئی ایجنٹس نے سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا، ایف بی آئی اور محکمہ انصاف شیطانی عفریت بن گئے ہیں، ایف بی آئی اور محکمہ انصاف بائیں بازو کے انتہا پسندوں، وکلاءاور میڈیا کے کنٹرول میں ہیں۔ واضح رہے کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتہا پسندی کی نمائندگی کرتے ہیں جو جمہوریت کی بنیادوں کے لیے خطرہ ہے۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپے کے دوران برآمد کی گئی چیزوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں،فلوریڈا کی عدالت نے ٹرمپ کے گھر سے برآمد چیزوں کی تفصیلات جاری کیں۔جاری تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے ٹاپ سیکرٹ، خالی خفیہ فولڈرز اور کئی دیگر دستاویزات برآمد کی گئیں۔ ٹرمپ نے 11 ہزار سرکاری دستاویزات اپنے پاس رکھی ہوئی تھیں۔ برآمد شدہ دستاویزات میں 18 ٹاپ سیکرٹ، 53 سیکرٹ اور 31 کانفیڈنشل کے لیبل کےساتھ تھیں۔ ایجنسٹس کو کئی درجن خالی فولڈر بھی ملے جن پر کلاسیفائیڈ لکھا ہوا تھا۔عدالت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خفیہ دستاویزات ضائع یا گم ہو گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں