دوحا(فارن ڈیسک)قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور ننگی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے، خطے میں امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے،ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی زمینوں پر جاری قبضوں کو نظر انداز کرنا ناقابلِ قبول ہے، خطے میں امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ مجلسِ شوری سے خطاب کرتے ہوئے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری اور ننگی جارحیت میں شہریوں کو نشانہ نہ بنانے پر زور دیتے ہیں، بچوں کی زندگیوں کو نظرانداز کرنے کے سخت خلاف ہیں، فلسطینی انتہائی گمبھیر صورتِ حال میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ امیرِ قطر نے کہا کہ پانی، خوراک، ادویات کی پابندیوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ناجائز ہے، اسرائیل کو قتلِ عام کی کھلی اجازت دینا کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے.