مصرمیں پولیس افسر کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی سیاح ہلاک

قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک ) مصر میں ایک پولیس افسر کی فائرنگ سے دو اسرائیلی سیاح ہلاک ہو گئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مصری سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکندریہ میں ایک پولیس افسر کی جانب سے سیاحوں کے ایک گروپ کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں دو اسرائیلی سیاح ہلاک ہو گئے ہیں،فائرنگ کے واقعہ میں ایک مصری شہری بھی مارا گیا۔پولیس افسر کے حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے جبکہ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔اسرائیل کی زکا ریسکیو سروس نے سکندریہ میں دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی۔دوسری جانب اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی سیاحوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مصری شہر سکندریہ میں دو اسرائیلی سیاحوں اور ان کے مصری ٹور گائیڈ کو فائرنگ سے ہلاک کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک پولیس افسر نے مبینہ طور پر سیاحوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی اور اطلاعات ہیں کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ کئی دہائیوں میں مصر میں اسرائیلیوں پر یہ پہلا حملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الجزیرہ کی لائیو کوریج کے دوران اسرائیلی میزائل حملہ، خاتون رپورٹر چیخ پڑی

اپنا تبصرہ بھیجیں