آرٹیفیشل انٹیلی جنس حالیہ دہائیوں کی اہم ترین پیشرفت ہے، بل گیٹس

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی تیاری کو حالیہ دہائیوں کی اہم ترین پیشرفت قرار دیا ہے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق بلاگ پوسٹ میں بل گیٹس نے اے آئی ٹیکنالوجی کو مائیکرو پراسیسر، پرسنل کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور موبائل فون جتنا اہم قرار دیا، انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی لوگوں کے کام کرنے، سیکھنے، سفر، طبی نگہداشت اور ایک دوسرے سے رابطوں کو بدل کر رکھ دے گی۔
چیٹ جی پی ٹی کو اوپن اے آئی نامی کمپنی نے تیار کیا اور یہ ایسا چیٹ بوٹ ہے جو آن لائن انسانوں کی طرح سوالات کے جوابات دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اوپن اے آئی میں مائیکرو سافٹ نے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تھی اور چیٹ جی پی ٹی کو اپنے سرچ انجن سمیت دیگر سروسز کا حصہ بھی بنایا،بل گیٹس نے لکھا کہ وہ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی ٹیم سے 2016 سے ملاقاتیں کر رہے ہیں،انہوں نے اوپن اے آئی کی ٹیم کو 2022 میں چیلنج دیا تھا کہ وہ ایک ایسا اے آئی ٹول تیار کریں جو ایڈوانسڈ پلیسمنٹ بائیولوجی کا امتحان پاس کرسکے۔
کچھ ماہ بعد اس ٹیم نے ایسا چیٹ بوٹ تیار کرلیا جس نے لگ بھگ پرفیکٹ سکور حاصل کیا،اس امتحان کے بعد بل گیٹس نے اس ٹول کو ایک بیمار بچے کے والد کے ردعمل کے بارے میں لکھنے کا کہا اور اس کے جواب نے مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کو دنگ کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں