مہنگائی کی شرح کتنی ہو گئی؟تفصیلات جان کر عوا م سر پیٹنے لگے

لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں مہنگائی نے پنجے گاڑھ لیے۔ رواں ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کی شرح بڑھ کر 30 اعشاریہ چھ صفر ہوگئی۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 30.60 تک جا پہنچی۔ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،سب سے زیادہ برائلر چکن کی قیمت 53 روپے 16 پیسے بڑھی،حالیہ ہفتے پیاز 5 روپے 7 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ملک بھر میں مرغی کی قیمتیں 16 فیصد سے بڑھ گئیں،ٹوٹا باسمتی چاول کی قیمتوں میں پانچ فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا،آٹے کی قیمتوں میں بھی پانچ فیصد کے قریب اضافہ ہوا،کیلا،پیاز،بریڈ اور دال مونگ کی قیمتیں بھی عوام کی جیب پر بھاری رہیں۔گزشتہ برس کے مقابلے میں مرغی کی قیمت میں 173 روپے فی کلوگرام بڑھ گئی۔ٹوٹا چاول کی قیمت میں 46 روپے فی کلوگرام ،20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 530 روپے کا اضافہ ہوا۔

’پاکستان ٹائم ‘کی جانب سے کئے گئے عوامی سروے میں شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاستدانوں کو غریب آدمی کی پرواہ نہیں،انہیں صرف اپنا فائدہ چاہیے،اتحادی حکومت اور اپوزیشن کی جنگ نے غریب عوام کی کمر توڑتے ہوئے انہیں مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیاہے،مہنگائی کا گراف مزید اوپر چلا گیا ہے،دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہو چکا ہے،سفید پوش آدمی زیادہ مشکل میں ہے،کاروبار بری طرح تباہ ہو چکے ہیں،ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح اعشاریہ 09 فیصد بڑھی اور مجموعی شرح 30 فیصد عبور کر گئی ہے،ایسے میں اقتدار کے منصب پر بیٹھے ہوئے لوگوں کو بڑے بڑے دعوی کرتے ہوئے شرم آنی چایئے۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کر دیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے مختلف اضلاع کے حلقے کی سطح پر احتجاج ہو گا جن میں پشاور،ملاکنڈ اور ہری پور کے کارکنان احتجاج کریں گے۔شیڈول میں بتایا ہے کہ احتجاج کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا جبکہ31 جنوری کو پشاور،مانسہرہ اور ڈی آئی خان میں احتجاج ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں