درآمدات کی منظوری میں تاخیر،انڈس موٹر کمپنی کاپلانٹ بند کرنے کا اعلان

کراچی(کامرس رپورٹر)انڈس موٹر کمپنی(آئی ایم سی) نے سٹیٹ بینک آف پاکستان(ایس بی پی)کی جانب سے درآمدات کی منظوری میں تاخیر کے سبب پرزہ جات کی کمی کی وجہ سے 20 سے 30 دسمبر تک پیداوار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


انڈس موٹر کمپنی کی انتظامیہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے جنرل منیجر کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ مرکزی بینک نے ’سی کے ڈی کٹس اور مسافر کاروں کے پرزہ جات‘ کی درآمدات کے لیے پیشی منظوری حاصل کرنے کا ایک نیا نظام متعارف کروایا ہے۔سی کے ڈی کٹس اور پرزہ جات کی درآمد کی منظوری میں تاخیر اور وینڈرز کے لیے خام مال کی درآمد اور کلیئرنس میں مشکلات درپیش ہیں،اس کی وجہ سے ملک میں پرزہ جات کی قلت ہو گئی،جس کے نتیجے میں سپلائی چین اور پیداواری سرگرمیوں پر منفی اثر پڑا ہے۔
یاد رہے کہ مرکزی بینک نے سی کے ڈی سمیت چند دیگر اشیا کی درآمد کے لیے پیشگی منظوری کا طریقہ کار متعارف کرایا ہے جس کی وجہ سے 20 مئی کے بعد آٹو اسمبلرز پیداوار بند کرسکتے ہیں،اس فیصلے کی وجہ سے غیر ملکی سپلائرز کو ادائیگیوں میں تاخیر ہو رہی ہے لہٰذا مقامی صنعت کے لیے بڑا خطرہ پیدا ہو گیا ہے،ان پابندیوں کی وجہ سے اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی ادائیگیوں میں تاخیر ہو چکی ہے،جس کے نتیجے میں پاکستانی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہوا ہے،اگر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے منظوری میں مزید تاخیر ہوئی تو اس کے نتیجے میں پاکستانی خزانے کو 8 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے،پوری صنعت میں متعدد نئے ماڈلز کے حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں، نئی ٹیکنالوجی والی گاڑیاں اور پرزہ جات بنانے کے لیے اسمبلرز اور وینڈرز کو مشینری،مولڈز اور دیگر آلات درآمد کرنے کی ضرورت ہے،مقامی سطح پر پرزہ جات بنانے کے لیے پیداوار کے آغاز سے مہینوں پہلے آزمائشی سرگرمیاں بڑے پیمانے پر کی جاتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں