ڈیفالٹ کی خبریں،گورنر سٹیٹ بینک بھی میدان میں آگئے

کراچی(کامرس رپورٹر)گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ رواں مالی سال میں بیرونی محاذ پر ڈیفالٹ کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جمیل احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو رواں مالی سال کی دوسری ششماہی میں 18 سے 20 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے اوراسٹیٹ بینک نے 31 اکتوبر 2022 تک ایک لاکھ ڈالر کی حد میں 30 ہزار لیٹرز آف کریڈٹ کلیئر کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی آمد میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن رواں مالی سال میں بیرونی محاذ پر ڈیفالٹ کا کوئی امکان نہیں جبکہ تجارتی قرضوں اور بین الاقوامی بانڈز کی شکل میں ڈالر کی آمد مشکل ہوگی۔گورنرسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جنوری سے جون 2023 میں 18 سے 20 ارب ڈالر حاصل کرنے کی توقع ہے،بیرونی قرضوں کی فراہمی کی کل ضروریات میں سے حکومت نے 6 ارب ڈالر کی واپسی کی ہے اور چار ارب ڈالر کا رول اوور ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال چار ماہ میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ دو ارب 80 کروڑ ڈالر تھا،جو 30 جون 2023 تک 10ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں