سانحہ آرمی پبلک سکول،ہر آنکھ نم،غم ہے کہ آج بھی تازہ ہے

پشاور(بیورو رپورٹ)خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں 8 سال قبل ہونے والے سانحہ آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والوں کی آج آٹھویں برسی منائی جارہی ہے اور شہید بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ سانحے کو 8 سال گزرنے کے باوجود وہ آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ مشرقی پاکستان کے روز پشاور میں پیش آنے والے سانحہ آرمی پبلک سکول ملکی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جب دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سکول پر حملہ کیا تھا اور 130 سے زائد طالب علموں سمیت 150 لوگوں کو شہید کردیا تھا۔سانحہ آرمی پبلک سکول کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں غیر سرکاری طور پر ”یوم سیاہ “ منایا جا رہا ہے ،اسی روز پاکستان دولخت ہوا تھا ،آرمی پبلک اسکول کی آٹھویں برسی کے موقع پر شہید بچوں کے والدین خیبر روڈ پر جمع ہوئے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔والدین نے آرمی پبلک اسکول سے لے کر ورسک روڈ تک احتجاجی مارچ کیا، والدین پشاور کے کور کمانڈر سے بات کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔احتجاج میں شریک سکول حملے میں شہید ہونے والے طالبعلم کے والد محمد طاہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں اور اپنے مطالبات اور شکایات متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں، ہم گزشتہ 8 سالوں سے انصاف کے منتظر ہیں لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کررہا،ہم 16 دسمبر کو سرکاری چھٹی کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن عہدیداروں کی جانب سے بار بار وعدوں کے باوجود ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے جبکہ پولیس نے زبردستی ہمیں روکنے کی کوشش کی اور احتجاج میں شریک ایک شخص کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کی جن کا بیٹا آرمی پبلک سکول حملے میں شہید ہوگیا تھا۔
سانحہ آرمی پبلک سکول کو 8 سال گزرنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 سال گزر جانے کے بعد بھی اس دلخراش واقعے کی یاد ہمارے دلوں میں تازہ ہے، ’16 دسمبر کا دن آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا رہے گا، پوری قوم دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے متحد ہے، یہ عالمی برادری کے لیے بھی یاد دہانی ہے کہ دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور ہمیں مل کر دنیا سے اس کے خاتمے کی کوشش کو تیز کرنا چاہیے، انہوں نے آرمی پبلک سکول کے شہدا کے درجات بلند کرنے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’16 دسمبر دہشت گردی کے خلاف پورے پاکستان کے یک آواز ہونے کا دن ہے ،یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں ، ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اوردکھ کی یاد دلاتا ہے، جسے برسوں بعد بھی بھلایا نہیں جاسکتا،پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 8 سال گزر جانے کے بعد بھی اس دلخراش واقعے کی یاد ہمارے دلوں میں تازہ ہے،
وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ملکی تاریخ کا ایک افسوس ناک واقعہ ہے، 16 دسمبر کا دن شہداءکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا، آج کے دن ہم بچوں کے والدین اوران کے بہادر اساتذہ کو سلام، خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ شہداءکے درجات بلند کرے اور ان کے اہلخانہ کو صبر عطا کرے۔سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 16دسمبر وہ دن ہے جسے قوم کبھی فراموش نہیں کرےگی، ’یہ وہ دن ہے جب آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ پر حملے کی شکل میں ہم پر تاریخ کا سب سےہولناک دہشت گرد حملہ کیا گیا،’یہی وہ دن ہے جب ہم بحثیت قوم یکجا ہوئے اور دہشتگردی سے نمٹنے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کاعزم کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں