سردار تنویر الیاس کشمیری قوم کے محسن،عدم اعتماد کی افواہیں کشمیریوں کے خلاف سازش

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)آزاد کشمیر حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی افواہیں ، تحریک آزادی کشمیر اور عوام کیخلاف سازش ہے جس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، 31سال بعد آزاد کشمیر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے اور اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہونے کی راہ پر گامزن ہے، لوکل نمائندوں کو فنڈز اور اختیار دینے کے خلاف کچھ قوتیں سرگرم ہوگئی ہیں جو حکومت کے خلاف سازشیں کرنا شروع ہوگئے ہیں جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں اور آزاد کشمیر بھر کے بلدیاتی نمائندگان اپنے مسیحا ،اقتدار نچلی سطح تک منتقل کرنے والے تاریخ کے پہلے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہا رپی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنماﺅں اور نومنتخب نمائندگان لوکل گورنمنٹ معروف قانون دان زاہد اکرم خان ایڈووکیٹ سپریم کوورٹ آزاد کشمیر ،چیئر مین انوسٹمنٹ بورڈ سردار امجد جلیل خان ،سینئر رہنما علماءمشائخ ونگ حافظ بشارت جذبی ،معروف عالم دین مفتی محمود الحسن اشرف ،سابق امیدوار اسمبلی سردار خطاب اعظم خان ،سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش ،سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ ، سردار امتیاز شاہین ،راجہ سبیل احمد ، توصیف عباسی ،ریحانہ خان ،سردار طاہر اقبال ، سابق امیدوار اسمبلی چوہدر ی عامر نذیر ،نومنتخب کونسلر سردار ارشد ،سردار ضیاءالرحمان،سردار نعیم خان،سردار عبدالستار،سردا رطاہر اکبر،رشید طاہری،میاں اخلاق رسول، میاں شفیق جھاگوی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان حقیقی معنوں میں کشمیری قوم کے لئے مسیحا ثابت ہوئے کہ انہوں نے 31سال بعد اجارہ داروں کی سیاست کو دفن کرتے ہوئے اقتدار کو گراس روٹ لیول تک پہنچایا اور نمائندگان کو فنڈز،اختیارات منتقل کئے جس کے ذریعے وہ اپنے علاقے،گلی محلے میں ترقیاتی کام کریں گے لیکن یہ بات ایوان اقتدار میں بیٹھنے والوں کو ناگوار گزر رہی ہے،آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں میئر،ضلع کونسل کے چیئر مین کے انتخابات ابھی ہونا باقی ہیں،اس سے قبل اس قسم کی سازش کرنا تاریخ کی سب سے بڑی بددیانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کرانا،اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ،عام کارکن کی عزت نفس کو بحال کرنا بڑا کارنامہ ہے،آزاد کشمیر کے عوام ،پی ٹی آئی کے کارکنان اور لوکل نمائندگان اپنے وزیر اعظم کے ساتھ ہیں اور ان کے خلاف کی جانے والی سازش کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے آزاد کشمیر پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی و وزرائے حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپوزیشن کی کسی قسم کی سازش کا حصہ نہ بنیں اور اپنی حکومت کے ساتھ ڈٹ کر سازشوں کا مقابلہ کریں کیونکہ آزاد کشمیر اسمبلی میں پی ٹی آئی کی اکثریت ہے ،اپوزیشن کچھ بھی کرلے لیکن وہ حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی،بھمبر سے تاﺅ بٹ تک بلدیاتی نمائندگان وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے 31سال بعد ان کا بنیادی حق انہیں دلوایا،وہ کشمیریوں کے محسن ہیں،ان کے خلاف کسی قسم کی سازش کشمیری قوم کیخلاف سازش سمجھی جائے گی،ہم وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں،پورے عزم کے ساتھ،یقین کے ساتھ اور پوری قوت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں