ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کرچکا،شیخ رشید کا دعویٰ

لاہور(سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ(اے ایم ایل)کے سربراہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا کہ ملک تکنیکی طور پر ڈیفالٹ کرچکا،حکومت کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں ہیں،سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ کرپشن کیسز معاف کرانے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی،عمران خان 17 دسمبر کو شام 8 بجے قوم سے خطاب کرکے اسبملیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے،اب پوری قوم عمران خان کے ساتھ ہے،انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چور حکومت نے اپنے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں ترمیم کی اور اپنے کیسز معاف کرائے،چور،نیب زدہ حکومت نے غیر قانونی ترامیم پاس کیں،کوئی رہ گیا ہے تو اس کے بھی کیس معاف کرا لو،امید ہے سپریم کورٹ ان چوروں کے کیسز کا نوٹس لے گی جب کہ میری درخواست ہے نیب کیسز ختم کرانے والوں کو ایکزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں ڈالا جائے۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک معاشی طور پر ڈوب رہا ہے،افغانستان کے ساتھ صورتحال بھی خراب ہو رہی ہے،لوگوں کی آواز کو دبانا قومی جرم ہوگا،عوام کو ووٹ کا حق دیا جائے،الیکشن میں عمران خان اکثریت حاصل کرے گا،یہ عمران خان کو نااہل کرکے کیئر ٹیکر کی مدت بڑھانا چاہتے ہیں مگر عمران خان ان لوگوں کی بات کبھی نہیں مانیں گے اور وہ سادہ اکثریت سے اپنی حکومت قائم کریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ان چوروں کا دو نکاتی ایجنڈا ہے کہ عمران کو نااہل اور نگران حکومت کی مدت کو لمبا کیا جائے جو عمران خان کسی صورت نہیں مانیں گے،عمران خان سے موجودہ سیاسی صورتحال پربات ہوئی،وہ 17 دسمبر کو اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے،17 دسمبر کو میں بھی لبرٹی میں عمران خان کی تقریر سنوں گا،اگر مذاکرات کامیاب ہونے ہیں تو یہی ہفتہ ہے،اگر ملک کو الیکشن کی طرف جانے کا ایجنڈا دیا جائے تو مذاکرات سے انکاری نہیں،فوج اور عدلیہ پر کوئی بات نہیں کروں گا، عمران خان کی سیاست کو دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے،انتخابات نہ کرائے گئے تو ملک میں انارکی پھیلے گی،سیاست میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے جاسکتے،امید ہے سپریم کورٹ ان چوروں کے کیسز کا نوٹس لے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں