ن لیگ کی اتحادی مذہبی جماعت کے 2 اہم رہنما گرفتار،مرکزی جمعیت اہل حدیث کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

کوئٹہ(کرائم رپورٹر) پولیس نے مسلم لیگ ن کی اہم اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہل حدیث کوئٹہ کے ناظم اعلیٰ مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولانا ڈاکٹر یحییٰ مدنی کو گرفتار کر لیا،مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کا ملک بھر میں احتجاج کا اعلان،ناظم اعلیٰ سینیٹر حافظ عبدالکریم کی وفد کے ہمراہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات،تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے پولیس کی کارروائی پر شدیداحتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان پولیس کی جانب سے معروف عالم دین اور ناظم اعلیٰ کوئٹہ مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولانا ڈاکٹر یحییٰ مدنی کو رات گئے چادر،چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا ہے،پولیس کی جانب سے علماء کی گرفتاری کے حوالے سے کسی قسم کا وضاحتی بیان جاری نہیں کیا۔مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولانا ڈاکٹر یحییٰ مدنی کی گرفتاری پر مرکزی جمعیت اہلحدیث کے قائدین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی اس بدمعاشی اور غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علمائے اہلحدیث کو فی الفور رہا کیا جائے اور چادر وچار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے پولیس اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

دوسری طرف مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سنیٹر پروفیسر ساجد میر،سینیئر نائب امیر الشیخ علی محمد ابو تراب اور ناظم اعلیٰ سینیٹر حافظ عبد الکریم نے مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولانا ڈاکٹر یحییٰ مدنی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح پرامن علماء کی ناحق گرفتاری پر عقیدت مندوں میں غم و غصہ کی شدید لہر دوڑ چکی ہے،ایسے حالات میں ملک کے ماحول کو پر امن رکھنے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے اس معاملہ کو نہایت سنجیدگی سے لے اور انہیں فی الفور رہا کرکے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے قرار واقعی سزا دے۔

سنیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ پرامن معزز شہریوں کی عزت ووقار کو پامال کرنا ایک قانونی جرم ہے،یہ کونسا طریقہ ہے کہ رات کے اندھیروں میں چادر چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پرامن معزز علماءکرام کو گرفتار کیا جائے؟صوبائی حکومت اس کا فوری نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے،معزز شہریوں کی حفاظت حکومت و سیکورٹی اداروں کا اولین فرض ہے،حکومت ہوش کے ناخن لے اور مولانا حزب اللہ عثمانی اور مولانا ڈاکٹر یحییٰ مدنی کو فورا رہا کریں،مرکزی جمعیت کی لیگل ٹیم کو ان رہنماوں کی گرفتاری کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جماعتی رہنماوں کی گرفتاری پر ہر شہر میں نماز جمعہ کے بعد بھرپور مظاہرے کئے جائیں گے،بلوچستان پولیس نے چادر چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے رہنماوں کو گرفتار کیا جو ناقابل برداشت ہے، بلوچستان پولیس کے اہلکاروں کا رات گئے معززین کے گھروں پر چھاپے مارنا قابل مذمت ہے،بلوچستان حکومت رہنماو¿ں کو فوری رہا کرے،اگر جماعتی رہنماوں کو فوری رہا نہ کیا گیا تو نتائج کی ذمہ دار بلوچستان حکومت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں