ہمارے خلاف منہ سنبھال کر بات نہ کی تو مکہ مار کر منہ ٹھیک کردیں گے،مولانا فضل الرحمان

کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی)جمعیت علماءاسلام اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے ملک کے حفاظتی ادارے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، ہر ایک کو چور چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور ہے، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ مارے جائیں، ہمارے خلاف بات کرنے والوں نے منہ سنبھال کر بات نہ کی تو مکہ مار کر منہ ٹھیک کردیں گے۔
کوئٹہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اللہ کی مدد سے سیاسی لیڈران جے یو آئی میں شامل ہو رہے ہیں،بلوچستان کا مستقبل جمیعت علماء اسلام سے وابستہ ہے،پاکستان کو اسلامی،فلاحی اور جمہوری ملک بنانے لیے قافلہ آگے بڑھ رہا ہے،ہم ملک کو امن وآشتی کا گہوارہ بنائیں گے،اسلام کے علاوہ کوئی اور نظام نہیں،جس کے لیے قوم کی وحدت چاہیے جب کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے بھی کام کرتے رہیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے،پاکستان کی معیشت کو دلدل میں پھنسایا جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)کو نقصان پہنچایا گیا،پی ٹی آئی نے سی پیک کو منجمد کیا،چین اور سعودی عرب کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا،عمران خان کی وجہ سے سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان ملتوی کرنا پڑا، البتہ ہم چین سمیت دیگر دوعست ممالک کے اعتماد بحال کرنے میں لگے ہوئے ہیں،پاکستان کے حفاظتی ادارےکو پہلی بار تقسیم کرنے کی کوشش اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کی گئیں،تحریک انصاف کو بھارت اور اسرائیل کے لوگ فارن فنڈنگ مہیا کر رہے تھے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اقلیتوں کو ان کا حق دینے کا عزم ہے،عالمی قوتوں کی الزام تراشیوں میں صداقت نہیں،امریکا ایک شکست خور ملک ہے جس نے پوری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی،البتہ ہمیں پاکستان مفاد عزیز ہے اور ہم اپنے ملک کو اس خطے کا اہم ملک بنائیں گے،ہر ایک کو چور چور کہنے والا خود سب سے بڑا چور ہے، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ مارے جائیں،ہمارے خلاف بات کرنے والوں نے منہ سنبھال کر بات نہ کی تو مکہ مار کر منہ ٹھیک کر دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں