آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ،پی ٹی آئی ایک بار پھر سب سے آگے

کوٹلی (وقائع نگار خصوصی)آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں نے ایک بار پھر میدان مار لیا ہے اور پی ٹی آئی امیدوار ایک بار پھر سب سے آگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں ووٹ ڈالے گئے۔پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔میونسپل کارپوریشن کے وارڈز،میونسپل کمیٹی،ٹاون کمیٹی،ضلع کونسل اور یونین کونسل کی نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے،گنتی کا عمل جاری اور نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدواروں کی پوزیشن مضبوط ہے،وارڈ نمبر 5 تریاں یونین کونسل سہرمنڈی سے تحریک انصاف کے توصیف چوہدری 529 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں،میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ کی وارڈ نیو سٹی سے پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری اسجد محمود کامیاب قرار پائے ہیں،یونین کونسل پوٹھہ بینسی کی وارڈ نمبر 2 سے پی ٹی آئی کے ساجد رفیق کامیاب،میونسپل کمیٹی چکسواری کی وارڈ نمبر 3 بھٹیاں برنالہ سے پی ٹی آئی کے امیدوارعمران حنیف نے میدان مار لیا ہے،میونسپل کارپوریشن کوٹلی کے وارڈ 5 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کاشف محی الدین اور وارڈ 9 سے پی ٹی آئی کے چوہدری محمد تاج کامیاب ہو گئے ہیں ۔
میر پور ڈویژن میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار 49 ہے،ڈویژن میں 222 پولنگ سٹیشن حساس ترین قرار دیے گئے تھے۔ایک میونسپل کمیٹی 9 ٹاون کمیٹی پر مشتمل ہیں جبکہ ڈویژن میں ضلع کونسل کی 116 اور یونین کونسل کی 118 نشستیں ہیں۔کوٹلی ضلع میں کل ووٹ5لاکھ70ہزار 184ہیں جبکہ پولنگ سٹیشن1025،بھمبر میںکل ووٹ 3 لاکھ3ہزار20اور پولنگ سٹیشنز کی تعداد535ہے۔اس سے پہلے27نومبر کو پہلے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کے تین اضلاع،مظفر آباد،ہٹیاں بالا اور نیلم ویلی اور دوسرے مرحلے میں 3دسمبر کوپونچھ ڈویژن کے چار اضلاع،باغ،حویلی، رالاکوٹ اور پلندری میں انتخابات مکمل ہو چکے ہیں۔ان بلدیاتی انتخابات میں آزاد کشمیر کی حکمران جماعت تحریک انصاف،اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی و مسلم لیگ ن کے علاوہ مسلم کانفرنس،جماعت اسلامی،جموں کشمیر پیپلز پارٹی،تحریک لبیک دیگر و آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔آزاد کشمیر میں تیسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں میر پور ڈویژن میں رینجرز اور فرنٹئیر کانسٹیبری کے4200 اہلکار سیکورٹی کی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔میر پور ڈویژن کے تین اضلاع،میر پور،کوٹلی اور بھمبر میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ کے موقع پر پاکستان رینجرز،پنجاب کے12سو اور ر فرنٹئیر کانسٹیبلری کے 3ہزار سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں