وزیراعظم شہباز شریف ایک بار پھر کورونا کی پکڑ میں آ گئے

اسلام آباد(خصوصی وقائع نگار)وزیراعظم شہباز شریف کا ایک بار پھر کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا کورونا ”پازیٹو“ آیا ہے،وزیراعظم کی دو روز سے طبیعت ناساز تھی۔انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر کے مشورے سے آج کورونا ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔وزیر اطلاعات نے عوام سے وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل بھی کی۔
وزیر اعظم کی جانب سے وطن واپسی پر اتحادیوں کا اجلاس بلانے کا امکان تھا، جس میں نئے آرمی چیف کی تقرری اور پی ٹی آئی لانگ مارچ سمیت دیگر اہم معاملات پر نواز شریف کے ساتھ ہونے والی مشاورت پر انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔وزیراعظم شہباز شریف کی گزشتہ روز ہی لندن سے واپسی ہوئی ہے، لندن میں قیام کے دوران وزیراعظم کی واپسی کئی مرتبہ مو¿خر کی گئی، جبکہ ایک مرتبہ اطلاعات یہ بھی آئیں کہ انہوں نے وطن واپسی بخار کی وجہ سے مو¿خر کی تھی۔شہباز شریف لندن میں آرمی چیف کی تعیناتی اور ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کیلئے اپنے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے پاس پہنچے تھے۔اس دوران شہباز شریف نے کئی لیگی رہنماو¿ں سے بھی ملاقاتیں کیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی شہباز شریف کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، شہباز شریف کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ اور ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کی تھی۔
دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کیلئے جلد صحت یابی کی دعاکی ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی صحت کے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کے دوران احتیاط کریں، انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔
دوسری جانب سپیکرقومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی کورونا سے جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔انہوں نے اپنے الگ الگ جاری پیغامات میں کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گو ہے، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد ازجلد انہیں اس مرض سے شفایاب کر ے تاکہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں