مفتی مبشر احمد ربانی سپرد خاک،نماز جنازہ میں سینیٹر ساجد میر سمیت ہزاروں افراد کی شرکت

لاہور(وقائع نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ممتاز عالم دین مفتی مبشر احمد ربانی کو ہزاروں سوگواروں کی موجود گی میں سبزہ زار لاہور کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ،وہ گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے وفات پاگئے تھے ان کی عمر 58 برس تھی ،وہ مفتی، مدرس ،مصنف اور شیخ الحدیث تھے ۔مرکز الحسن سبزہ زار کے پارک میں ان کی نماز جنازہ شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے پڑھائی ۔ نمازجنازہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر کے علاوہ علما، مدارس کے اساتذہ، طلبہ کے ساتھ سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ تما م مکاتب فکر کے ہزاروں افراد نے شریک تھے ۔ پروفیسر ساجدمیر مرحو م کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ۔پروفیسر ساجد میر نے مرحو م کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مفتی صاحب کی وفات ملک و ملت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ مولانا جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں ۔ انہوں نے نہ صرف اپنے آپ کو درس و تدریس سے جوڑے رکھا بلکہ عملی طور پر ادیان باطلہ کے خلاف، تحفظ شعائر اسلام
اورقرآ ن وسنت کی بالادستی کے لیے اپنے آپ کو وقف کیے رکھا ۔ آپ نیک سیرت، ملنسار، معتدل اور اچھے اخلاق کے مالک تھے۔اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے ۔لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں