الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن غزہ کے زخمیوں اور مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ پہنچ گئے

لاہور(سٹاف رپورٹر) صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن غزہ کے زخمیوں اور مہاجرین کے ساتھ عید منانے قاہرہ مصر پہنچ گئے جہاں وہ چاندرات کے موقع پر غزہ کے متاثرہ خاندانوں کو میگاشاپنگ سنٹرز سے عید کی شاپنگ کروائیں گے، زخمیوں و دیگرمہاجرین کو الخدمت کی جانب سے فوڈ پیکج اور عیدتحائف فراہم کریں گے۔پاکستان ٹائم کے مطابق ڈاکٹر حفیظ الرحمن مصر کے تین روزہ دورے کے دوران قاہرہ میں قائم الخدمت کیمپ آفس اور وئیر ہاؤس میں جاری امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے۔جس کے سا تھ ساتھ غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ہلال احمر مصر کے آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔بعدازاں مرکزی صدر قاہرہ کے مضافاتی علاقے منصوریہ میں قائم الخدمت وئیر ہاؤس سے امدادی سامان کی نئی کھیپ غزہ کیلئے روانہ کریں گے۔ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے عیدالفطرکے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ ہماری دعا ہے کہ انسانیت جنگوں اور قدرتی آفات سے محفوظ رہے اور اِس دنیا میں امن قائم ہو۔انہوں نے کہا عید خوشیوں کا تہوار ہے اور ہمیں خوشی کے اِس موقع پر اپنے معاشرے کے مستحق اور محروم طبقات سمیت غزہ کے پریشان حال بہن بھائیوں کو دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیےاور ان سے اظہار یکجہتی کے لئے فلسطین کا مفلر اور جھنڈا پہن کر عیدکی نماز اور دیگر تقریبات میں شریک ہوں۔الخدمت فاؤنڈیشن اہل خیر کے تعاون سے مصیبت میں گھرے معصوم بچوں،مردوخواتین اور بزرگوں کے چہروں پرمسکراہٹ لانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں