رمضان میں مسجد نبوی کی چھت پر روزانہ 90 ہزار افراد نماز ادا کر رہے ہیں

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں برس رمضان المبارک میں مسجد نبوی کی 67 ہزار مربع میٹر چھت پر روزانہ 90 ہزار عبادت گزار نماز ادا کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق عاشقان رسول کی شایان شان میزبانی اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے مسجد نبوی کی چھت میں توسیع کی گئی تھی تاکہ زیادہ سے زیادہ نمازی جمع ہوسکیں۔روزانہ کی بنیاد پر صحن کے علاوہ مغرب کی اذان اور افطار کے بعد مسجد نبوی کی چھت کی صفائی کی جاتی ہے اور عشائ اور تراویح کی نمازوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔چھت پر جانے کے لیے مسجد نبوی کے داخلی راستوں کے ساتھ ہی 24 سیڑھیاں بنائی گئی ہیں جب کہ عمر رسیدہ اور ضعیف افراد کے لیے 6 ایسکلیٹرز بھی نصب ہیں۔ نمازیوں کے لیے مسجد نبوی کی چھت پر 5 ہزار قالین بچھائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں بڑی تعداد میں رضاکار معتمرین اور عبادت گزاروں کی رہنمائی اور خدمت کے لیے موجود ہیں جو چھت کی صفائی، افطار کی تیاری، تقسیم اور زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے پر مامور ہیں۔خیال رہے کہ رواں برس دنیا بھر سے مسلمانوں کی ریکارڈ تعداد عمرے کی سعادت حاصل کرنے اور رمضان کی بابرکت ساعتوں سے مستفید ہونے مکہ و مدینہ پہنچ رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں