عالمی یوم خواتین پر لاہور جنرل ہسپتال میں آگاہی واک،خواتین آج ہر شعبے میں لوہا منوا رہی ہیں،پروفیسرالفرید ظفر

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے لاہور جنرل ہسپتال میں پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ۔
آگاہی واک میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل، پرنسپل نرسنگ کالج شازیہ کوثر، سینئر خواتین ڈاکٹرزونرسزنے بھرپور شرکت کی۔آگاہی واک کے شرکاسے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کی عملی طور پر شرکت کے بغیر مکمل ہو سکتا ہے نہ ہی صحیح معنوں میں ترقی سے ہمکنارہو سکتا ہے، ہمیں اپنے مذہب کی تعلیمات اور ترقی یافتہ معاشرے کی طرز پر عورتوں کو ہر شعبے میں جائز مقام دینا ہوگا تاکہ وہ مردوں کے ساتھ مل کر ہمہ گیر اور دیرپا ترقی و خوشحالی کو یقینی بنا سکیں۔ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، باصلاحیت اور بہادر خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔
پروفیسر الفرید ظفرنے مزید کہا کہ ملک کو معاشی ترقی، استحکام اور اسے اقوام عالم میں با وقار مقام دلوانے میں خواتین کا کردار مردوں کے برابر رہا ہے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔پروفیسر الفریدظفر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ”دنیا کا کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک قوم کے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ ڈالیں “۔سربراہ ایل جی ایچ نے کہا کہ عورت خواہ ماں ہو، بہن ہو، بیوی ہو، بیٹی ہو، خادمہ ہو یا معاشرے کی کوئی عورت، اسلام نے انہیں ہر لحاظ سے بلند مقام عطا کیا ہے، پسماندہ علاقوں کی خواتین کی تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے،پاکستان کی محنت کش خواتین ڈاکٹر، نرسز، ٹیچرز قائد اعظم کے خواب کو پورا کرتے ہوئے پاکستا ن کی بہتر ی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں : صدر عارف علوی کی رخصتی کی تیاریاں،کل الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا

اپنا تبصرہ بھیجیں