خیبر پختونخوا کے 10 اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ

پشاور(وقائع نگار خصوصی)سیلاب اور بارشوں کے پیش نظر خیبر پختونخوا کے 10 اضلاع میں فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
اس ضمن میں جاری اعلامیے کے مطابق ان دس اضلاع میں پی ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئےایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔جن اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے ان میں سوات،ڈی آئی خان،ٹانک،لوئر دیر ،نوشہرہ، چارسدہ،صوابی،لوئر کوہستان، شانگلہ اور مردان شامل ہیں۔سیلاب سے متاثرہ متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اعلامیے جاری کردئیے ہیں۔

دوسری طرف فلڈ فورکاسٹنگ ڈویڑن پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ضلع نوشہرہ میں ہائی لیول 300000کیوسک سیلابی ریلا گزرنے کی وارننگ جاری کردی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے ضلع بھر میں فلڈ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا۔ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں تمام نجی تعلیمی ادارے آئندہ 2 روز کیلئے بند کر دیئے گئے۔ ہسپتال، نجی عمارت اور گاڑیاں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول میں رہیں گے تاکہ ایمرجنسی صورت میں لوگوں کے معالجے اور محفوظ مقام پر منتقلی کا انتظام کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے دریائےکابل میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس وقت دریائے کابل میں پانی کا بہاو 120000 کیوسک ہے جو آج شام تک 270000 کیوسک تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دریائےکابل اور اس سے ملحقہ نشیبی علاقوں قاسم علی بیگ، کندی تازہ دین، زڑہ میانہ، امان گڑھ، خیشگی بالاوپایان، نوشہرہ کلاں، چوکی درب، خدزیری، امانکوٹ، محب بانڈہ، بارہ بانڈہ، کوترپان، رشکئی، پیرسباق، گڑھی مومن، کیمپ کورونہ، بانڈہ شیخ اسماعیل اور دیگر ملحقہ علاقوں اور دریا کنارے آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں رابطہ نمبر 09239220098/99 جاری کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں