سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے عمران خان بھی میدان میں آگئے

کلاچی(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان نے پارٹی کے رضاکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب متاثرہ افراد کی مدد اور خدمت کریں،ڈیم تعمیر کر کے ہم سیلاب کے نقصانات سےبچ سکتے ہیں ، اگر ہمارے پاس ڈیم ہوتے تو سیلابی پانی سے نقصانات کی بجائے ترقی ہوتی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے کے پی میں سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد کلاچی سپورٹس کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے نقصانات پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، بارشوں سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان ہو، پنجاب اور کے پی حکومتیں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کریں، متاثرین کی بلا تفریق مدد کی جائے، ہم سب کو سیلاب زدگان کی خدمت کرنی چاہیے، مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، میں پلان بنا رہا ہوں کہ سروے کر کے متاثرین کی امداد کرسکوں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب 2010 سے کہیں زیادہ ہے، سندھ اور بلوچستان میں بھی بہت نقصان ہوا ہے، اس کو روکنے کا واحد حل ڈیم بننا ہے، ہماری حکومت کا 10 ڈیم بنانے کا منصوبہ تھا کیونکہ ڈیموں سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔ اگر ہمارے پاس ڈیم ہوں تو پانی کو ذخیرہ کیا جاسکتا ہے، کوہ سلیمان کی پہاڑی پر ڈیم بننا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک کو معاشی استحکام نہیں ملتا مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، اس حکومت نے مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ملک مجرموں کے ہاتھ میں ہے اورایک مجرم باہر ملک میں بیٹھا ہے، اس حکومت نے اے آر وائی نیوز کو بھی بند کردیا ہے، یہ حکومت کچھ بھی کرلے ہمیں فائدہ ہو رہا ہے، ہم ضمنی الیکشن بھی جیت رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں