ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں ، دردناک تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے اب تک 937 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں،سوات میں بھی سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جبکہ 150 کمروں پر مشتمل کالام کا سب سے بڑا نیو ہنی مون ہوٹل بھی زمین بوس ہو گیا ہے ۔دوسری جانب حکومت نے ملک میں ‘نیشنل ایمرجنسی’ کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفت میں دنیا بھر کے ممالک کو سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے،متاثرین کو خیمے، مچھر دانیاں، کھانے پینے کی اشیا، ادویات کی فراہمی کے لیے دوست ممالک سے درخواست کی ہے،وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہرطرف تباہی ہی تباہی نظرآرہی ہے اور یہ وقت سیاست کا نہیں، خدمت کا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کر دی۔ جس کے مطابق ملک بھر میں 14 جون سے اب تک 937 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 343 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔بلوچستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 234، سندھ میں 306، پنجاب میں 165 اور خیبر پختونخوا میں 185 ہے جبکہ آزاد کشمیر میں 37 اور گلگت بلتستان میں 9 افراد بارشوں اور سیلاب سے جاں بجق ہو چکے ہیں۔بارشوں اور سیلاب سے 6 لاکھ 70 ہزار 328 مکانات کو مکمل اور جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 7 لاکھ 93 ہزار 995 مویشی مر چکے ہیں، ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے شاہراہیں بھی متاثر ہوئیں۔بلوچستان میں 710 کلومیٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 18 پلوں کو بھی نقصان پہنچا، سندھ میں 2 ہزار 328 کلو میٹر شاہراہیں متاثر ہوئیں اور 60 پلوں کو نقصان پہنچا، پنجاب میں 36، خیبر پختونخوا میں 6.5 اور گلگت بلتستان میں 2 کلومیٹر تک کی شاہراہیں متاثر ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں