شہباز گل صحت مند تو ملاقات پر پابندی کیوں؟ فواد چوہدری کا سوال

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ شہبازگل صحت مند ہے تو پھر ملاقات پر کیوں پابندی ہے؟۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ?شہباز گل کی یہ ویڈیو ٹھیک ہے تو یہ خوشی کی بات ہے، پولیس کو چاہئےعمران خان ، وکلا اور میڈیا کو شہباز گل سے ملاقات کی اجازت دیں۔اس سے قبل فواد چوہدری نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے شہباز گل پر تشدد کے معاملے پر انڈیپینڈنٹ لوگوں کو انکوائری سونپیں، پولیس کی انکوائری پر کوئی یقین نہیں کرے گا، شہباز گل پر تشدد کی انکوائری کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر شیریں مزاری،مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، ہمیں کیسز سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، الزامات لگ جاتے ہیں، مقدمات بن جاتے ہیں لیکن تشدد پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر غلط ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی پیدا کی گئی، شہباز گل کی جعلی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں۔ شہباز گل کے خلاف ایک مقدمہ ہے اور شہباز گل نے عمران خان کے کہنے پر سب کچھ کہا، مقدمے سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر غلط ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی پیدا کی گئی۔ کسی پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہئے اور شہباز گل پر بھی کوئی تشدد نہیں ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز گل سے منصوب سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو چکوال کی ہے اور عمران خان فارن فنڈنگ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہباز گل پیشی کے وقت بیماری کا بہانہ بناتے ہیں اور ان کا اصل مقصد ہے کہ کہانی کو بدل دو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں