” عمران پہلے اسٹیبلشمنٹ کے گلے پڑتے رہے ،اب پاﺅں پڑ رہے ہیں“

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے اسٹیبلشمنٹ کے گلے پڑتے رہے اب پاﺅں پڑ رہے ہیں ، اگر عمران خان کا دامن صاف ہے تو وہ وہ عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرنے کیلئے کیوں بھاگتے پھر رہے ہیں، اپنے کیسز ختم کرانے کیلئے اب وہ منتوں اور ترلوں پر آ گئے ہیں، ملک کو حقیقی آزادی دلوانے کی بات کرنے والی جماعت نے خیبرپختونخوا اور پنجاب جہاں ان کی صوبائی حکومتیں ہیں وہاں یوم آزادی کے حوالے سے کوئی تقریب منعقد نہیں کی، عمران خان ساری زندگی دوسروں کو استعمال کرتے آئے ہیں، پرویز الہی عمران خان کیساتھ وہی کچھ کرے گا جو اس نے پرویز مشرف کیساتھ کیا۔

نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ ملک کو حقیقی آزادی دلوانے کی بات کرنے والی جماعت، جس کی پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں صوبائی حکومتیں ہیں، نے وہاں یوم آزادی کے حوالے سے کوئی تقریب منعقد نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پرویز الہی وہاں پہنچائے گا جہاں اس نے پرویز مشرف کو پہنچایا،

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا کردارملکی سیاست میں ہونا چاہیئے، عمران خان پہلے اسٹیبلشمنٹ کے گلے پڑتے رہے اب پاﺅں پڑ رہے ہیں ، عمران خان حالیہ جلسے میں بڑے اعلان کے بجائے اپنی صفائی میں ویڈیوز دکھاتا رہے، عمران خان صاحب آپ کہتے تھے جس کا دامن صاف ہو وہ فورا جواب دیتا ہے، ایف آئی اے نے جو نوٹس دیئے ان پر حکم امتناعی کیوں لے رہے ہیں، شہدا کے خلاف ٹرینڈز چلائے گئے، عمران خان شہباز گل کو قربانی کا بکرا بنا کر اپنی جان چھڑانا چاہتے ہیں ،

انہوں نے کہا کہ تنقید اور غداری میں بہت فرق ہے، شہباز گل کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے رہنماﺅں کی بغیر نوٹس گرفتاریاں ہوئی ریمانڈز دیئے گئے، شہباز گل اس وقت اڈیالہ جیل میں ہے جو پنجاب حکومت کے ماتحت ہے اگر اس پر تشدد ہوا ہے تو اب تک اسکا میڈیکل کیوں نہیں کروایا گیا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ شہبازگل کو جیل میں اے کلاس دی گئی ہے، مکمل سہولیات کے ساتھ کھانے پہنچائے جا رہے ہیں، شہباز گل سے تفتیش کے دوران جو باتیں سامنے آئی ہیں ان کے منظر عام پر آنے سے لوگوں کی آنکھیں کھل جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں