ہاکی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اکھاڑنے کی اصل حقیقت سامنے آگئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع دنیا کے سب سے بڑے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے قبل آسٹرو ٹرف اکھاڑنے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق
نیشنل ہاکی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف کو مارچ یا اپریل میں اکھاڑنا تھا مگر نئی پی سی ون بنانے کی وجہ سے اگست میں اکھاڑی گئی۔ساڑھے 4 کروڑ روپے کی آسٹرو ٹرف کی میعاد سال 2019 میں ختم ہوگئی تھی۔ رواں سال ایف آئی ایچ کی منظور شدہ جدید ٹرف لاہور اسٹیڈیم میں بچھائی جائے گی۔ جدید آسٹرو ٹرف کی امپورٹ اور لگانے میں 15 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔دوسری طرف برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس پنجاب بورڈ، عمیر حسین نے تصدیق کی کہ نیشنل سٹیڈیم لاہور میں لگی آسٹروٹرف اتار دی گئی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’ہمارا کئی مہینوں سے اسے سرگودھا منتقل کرنے کا پلان تھا اور اس کا تحریکِ انصاف کے جلسے سے کوئی تعلق نہیں، آسٹرو ٹرف اس لیے منتقل کی جا رہی ہے کیونکہ یہ پرانی ہو گئی ہے، چونکہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا ہاکی سٹیڈیم ہے لہٰذا ہمارا یہاں نئی آسٹرو ٹرف لگانے کا منصوبہ تھا کیونکہ یہ (2012-13) آٹھ سے نو سال قبل لگائی گئی تھی اس کے نیچے لگی لیئر کا سائنٹیفک سروے کروانا اور اسے یہاں سے اتارنا ضروری ہو چکا تھا، لاہور سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اتار کر اسے سرگودھا منتقل کیا جائے گا کیونکہ وہاں کی آسٹروٹرف کی حالت کافی خراب ہو چکی ہے، یہ حکومتی پالیسی ہے کہ جب بھی کسی سٹیڈیم سے آسٹرو ٹرف اتاری جاتی ہے، اسے کسی دوسرے سٹیڈیم میں جا کر لگا دیا جاتا ہے کیونکہ ابھی وہ کھیلے جانے کے قابل ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عمیر حسین نے کہا کہ یہاں نئی آسٹرٹرف لگانے کے حوالے سے پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور اس کے بعد ہم اس کا ٹینڈر دینے کا عمل شروع کریں گے اور تین سے چار مہینوں میں یہاں نئی آسٹرو ٹرف لگنی شروع ہو جائے گی اور اگر ان تین چار مہینوں میں یہاں کوئی میچ کروانا پڑ گیا تو ہاکی سٹیڈیم کے ساتھ ہمارے پاس پچ ٹو موجود ہے جہاں عالمی معیار کی آسٹروٹرف لگی ہوئی ہے اور حال ہی میں کامن ویلتھ اور باقی گیمز کے لیے جانے والے کھلاڑیوں نے وہیں پچ ٹو پر پریکٹس کی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 13 اگست کی شب بڑے عوامی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں جشنِ آزادی بھی منایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں