تمام حکمران ووٹ نہیں سلیکشن سے آئے :سراج الحق

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جتنے حکمران بھی آئے وہ ووٹ سے نہیں بلکہ سلیکشن سے آئے،پاکستانی معاشرے میں ناانصافی ہے، بےروزگاری ہے، بھوک اور افلاس ہے، ظلم و جبر ہے، ٹارگٹ کلنگ ہے, پاکستان کا ہر بچہ مقروض ہے، صاف پانی اور تعلیم سے محروم ہیں۔ اس کا حل کیا ہے؟۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا پیغام ہے کہ لوگوں کو منظم کرو اور ظالمو سے لڑو جبکہ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا پیغام ہے ظلم اور جبر کا مقابلہ کرو۔پاکستان کی عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا ،ظلم ہے ،جبر ہے ،منافقت ہے،دو رنگی ہے ،کرپشن ہے،دہشت گردی ہے ،ٹارگٹ کلنگ ہے،جس ملک میں عدل اور انصاف کا نظام نہ ہو وہاں اللہ کی رحمتیں اور برکتیں نہیں آتیں،آج دنیا کے سامنے پاکستان ایک تماشا بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کے فیصلے پارلیمنٹ کے بجائے بند کمروں میں ہوتے ہیں اور ہم پر جتنے حکمران آئے وہ ووٹ سے نہیں بلکہ سلیکشن سے آئے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ اندھیر نگری اور چوپٹ راج کو کون بدلے گا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) چیئرمین نے 7 کروڑ روپے چند سالوں میں تنخواہ لی،وزیر صاحب کا پروٹوکول ایسا تھا جیسے کشمیر فتح کیا ہو لیکن گاڑی کے سلنسر سے نکلنے والا دھواں غریب کی کمائی کا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ملک میں ظلم و جبر کا نظام ہے اور انصاف نہیں ملتا۔ غریب کی گردن نچوڑ نچوڑ کر حکومت پیسے جمع کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں