فلسطینیوں کی نسل کشی، اسرائیل کیخلاف جنوبی افریقہ کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف نےعبور ی فیصلہ سنادیا

نیویارک( فارن ڈیسک) فلسطینیوں کی نسل کشی کے کیس میں جنوبی افریقہ کے الزامات درست قرار دیتے ہوئے عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کی کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کردی اور پندرہ دو کی اکثریت سے ہنگامی عبوری احکامات جاری کردیئے ۔ عدالت نے اسرائیل کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز نسل کشی کے اقدامات روک دیں اور اسرائیل آج کے حکم کے مطابق اپنے اقدامات کی رپورٹ جمع کروائے، اسرائیل غزہ میں انسانی امداد پہنچنے دے اور صورتحال بہتر بنائے، غزہ کے تنازع میں شامل تمام فریق عدالت کے فیصلے کے پابند ہیں،عدالت غزہ میں انسانی المیے کی حد سے آگاہ ہے، جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات میں سے کچھ درست ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تازہ معلومات کے مطابق 25 ہزار سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں، 9 اکتوبر کو اسرائیلی وزیر دفاع نے غزہ کے محاصرے، بجلی پانی بند کرنے کا اعلان کیا، غزہ میں ہیلتھ کیئر سسٹم تباہ ہو چکا ہے، ہم غزہ میں انسانیت کو زمیں بوس ہوتا دیکھ رہے ہیں، نسل کشی سے تحفظ کا فلسطینیوں کا حق تسلیم کرتے ہیں۔ فلسطینی وزیر خارجہ کا عالمی عدالت انصاف کے عبوری حکم کا خیر مقدم کیا ہے اورریاض المالکی نے تمام ملکوں بشمول قابض طاقت اسرائیل سے مطالبہ کیاہے کہ وہ انٹر نیشنل کورٹ کی جانب سے دیئے گئے عبوری اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں