بات چیت کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں،عمران خان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہمارے دروازے بات چیت کیلئے کھلے ہیں، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا۔

سینئر صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ایک سے الیکشن پر بات کرنے کو تیار ہیں ، جو بھی بات کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف کے دروازے کھلے ہیں، بات صرف الیکشن پر ہو سکتی ہے، جن کو مسلط کردیا گیا ہے ڈر ہے وہ ملک کا کیا حال کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی نہیں بلکہ ملک کی فکر ہے، آج عوام جن مشکلات سے دوچار ہے انکے لیے آواز بلند کررہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ میں اپنی فوج کو کبھی کمزور نہیں دیکھ سکتا ، آرمی چیف کی تقرری کبھی بھی میرا ایشو نہیں رہا، سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوان میرے بچوں کی طرح ہیں، معیشت اور ملک کے ہر بحران کا بہتر حل الیکشن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں